اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2020ء تک اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے جمع کرا دیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق الیکشنز ایکٹ کے تحت ارکان پارلیمنٹ کو اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی جس میں 30 جون 2020ء تک ان کے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات بھی شامل ہوں۔ کمیشن 15 جنوری تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہنے والے اسمبلی اور سینیٹ کے کسی بھی رکن کی معطلی کے احکامات 16 جنوری کو جاری کرے گا اور ایسے ارکان اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک وہ اپنے گوشوارے جمع نہیں کردیتے۔