حکومتی خارجہ پالیسی نے ہمیں دنیا میں تنہا کردیا ،ناصر حسین

44

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کرنے کا جواز کھوچکی ہے اب ان کو استعفا دے دینا چاہیے، عمران خان اور انکی ٹیم مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئی ہے، ملتان کا جلسہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجنے میں اہم ثابت ہوگا، عمران خان کہتا ہے کہ ان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہے، عمران خان کی خارجہ پالیسی نے ملک کو دنیا میں تنہا کردیا ہے، ملک کو آئی ایم ایف کی ٹیم نے معاشی طور پر کھوکھلا کردیا ہے، صرف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری ملک کو اندرونی اوربیرونی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ناصر شاہ نے کہا کہ اگر اسد عمر سکھر یا لاڑکانہ میں بڑے انڈور عوامی جلسے کریں تو کورونا نہیں ، اگر پیپلز پارٹی اپنا ملتان میں یوم تاسیس منائے تو کورونا وائرس کا خطرہ ہوجاتا ہے پیپلز پارٹی بہر صورت ملتان میں جلسہ کریگی ۔