سلیکٹیڈ اپنااقتدار ڈوبتادیکھ کرہوش کھوبیٹھے ہیں‘نثار کھوڑو

27

کراچی ( اسٹاف ر پورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کچھ بھی کرلے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کا ملتان میں پی ڈی ایم کے تحت جلسہ بہر صورت ہوکر رہے گا ۔ ملتان جلسے میں شرکت کے لیے مجھ سمیت پیپلز پارٹی کے سندھ بھر سے قافلے ملتان کے لیے روانہ ہوچکے ہیں کسی میں ہمت ہے تو روک کردکھائیں۔ جیالے مارشل لاؤں سے نہیں ڈرے تو اب بھی ہر رکاوٹیں عبور کرکے ملتان جلسہ گاہ پہنچیںگے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے بے ساکھیوں پر کھڑے اقتدار کو ہلتادیکھ کر ہوش کھو بیٹھے ہیں۔جلسے کرنا ہرجماعت کا جمہوری حق ہے اور وفاقی حکومت غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کرکے وہ حق ہم سے نہیں چھین سکتی۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم اب عوام میں رجیکٹیڈ ہوچکے ہیں اس لیے عوام کے رد عمل سے بوکھلا کر ملتان جلسے میں عوام کی شرکت کو روک کر آمریت کی یاد تازہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم صاحب آپ کو عوام کے رد عمل اور طاقت کا اندازہ ہوچکا ہوگا اس لیے عوام آپ کو این آر او دینے کے لیے تیار نہیں اب آپ کو گھر جانا پڑے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے مسلط کردہ اقتدار کی کشتی ڈوب رہی ہے اور ڈوبتی کشتی کو دیر تک مزید سہارا دے کر نہیں چلایا جا سکتا۔ وزیراعظم کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ فوری طور پر اقتدار چھوڑ دیں اور ملک میں قبل از وقت نئے شفاف انتخابات کرائے جائیں ورنہ عمران خان کا حال بھی آمر پرویز مشرف جیسا ہوگا۔ وفاقی وزراکو جلسوں کی اجازت اور اپوزیشن کو جلسے کے جمھوری حق سے دور رکھنا وفاقی حکومت کا دھرا معیار ہے۔ 1967ع میں پارٹی کے قیام والے دن ایوبی آمریت نے جبر کا مظاھرا کیا تھا۔ پی ٹی آئی سرکار آج ملتان میں ایوبی آمریت کی سیاہ تاریخ کو دھرا رہی ہے مگر کارکنان آمریت کا اسی طرح مقابلہ کرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔