سلیکٹیڈ حکومت کے پائو ں لڑکھڑا گئے ہیں‘مرتضیٰ وہاب

45

کراچی(صباح نیوز)ملتان میں پیپلزپارٹی کارکنوں پر پی ٹی آئی حکومت کے بیہمانہ تشدد و گرفتاریوں پر سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس سے قبل ملتان میں حکومتی مظالم قابل مذمت ہیں پیپلزپارٹی کے لیے یہ جبر کوئی نئی بات نہیں ہے ہم دور آمریت میں بھی ایسے مظالم برداشت کیے ہیں اورگرفتاریوںسے ڈرنے والے بھی نہیںہے۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ نیازی سرکار آمریت کی پیروکار بن کر پیپلزپارٹی کے جیالوں پر ٹوٹ پڑی ہے جو قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے سلیکٹیڈ حکومت کے پائوں لڑکھڑا گئے۔ بوکھلاہٹ کا شکارنیازی سرکار کے دن گنے جاچکے ہیں۔ پی ٹی آئی سرکار جمہوریت کی آڑ لے کر غیر جمہوری ہتھکنڈوں پر ا تر آئی ہے گھنائونی حرکتوں سے ثابت ہوگیا کہ نیازی سرکار پر نوجوان قیادت بلاول زرداری کا خوف طاری ہے۔ سلیکٹیڈ حکومت جان لے بلاول زرداری اس ملک کا روشن مستقبل ہے جسے اب کوئی نہیں روک سکتا ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی رہنما قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔ جیالوں کے لیے یہ رکاوٹیں مکڑی کے جالے ثابت ہونگے۔