جماعت اسلامی کی رہنمائوںاورکارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت

68

لاہور (نمائندہ جسارت)ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے اپنے مشترکہ بیان میںجنوبی پنجاب میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پی ڈی ا یم کا حصہ ہے اور نہ ہی ہمارا ملتان کے جلسے سے کوئی تعلق ہے مگر حکومت کی یہ حرکات ثابت کر رہی ہیں کہ اس کے ہاتھ پائوں پھول چکے ہیں۔ حکومت ہمارے کارکنوں کو فی الفور رہا کرے اور معافی مانگے۔کل رات چشتیاں میں ہمارے کارکنان کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے گئے۔ حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر بدترین سول مارشل لا مسلط کر رکھا ہے۔ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی اور قرضوں کے جال میں جکڑ کر معیشت کا پہیہ جام کرنے والے چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کر کے کارکنوں کے گھروں پر ریڈ کر رہے۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومتی دعوے کے مطابق اگر ملک میں جمہوری نظام موجود ہے تو سول اداروں اور عدالتوں کو آزادانہ اپنی حدود میں کام کرنے دیا جائے، جنہوں نے ملک لوٹا ہے، حکومت ان سے پیسہ نکلوائے اور ڈرامے بازی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلام اور خوشحال نظام تک آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی مثالی جدوجد جاری رکھے گی اور کوئی ہمیں جدوجہد سے نہیں روک سکتا۔