معذور گریجویٹ افراد کے وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات

51

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں معذور گریجویٹ افراد کے وفد نے محمد ذاکر کی قیادت میں ملاقات کی اور جماعت اسلامی کی جانب سے معذوروں کے لیے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے کے لیے کی گئی قانونی و عدالتی جدوجہد پر پبلک ایڈ جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ نجیب ایوبی، نائب صدر عمران شاہد، عثمان فاروق ایڈووکیٹ و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا ادارہ نورحق میں خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ جماعت اسلامی شہریوں کے حقوق کی جدوجہد میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی‘ ہم نے ماضی میں بھی عوام کے حقوق کی جدوجہد کی ہے اور آج بھی ہماری جدوجہد شہریوں کے جائز حقوق کے لیے جاری ہے‘ جماعت اسلامی ہر طبقہ زندگی کو دعوت دیتی ہے کہ وہ حقوق کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کے ساتھ دیں۔ انہوں نے اس موقع پر عثمان فاروق ایڈووکیٹ کو فوری ہدایت کی کہ وہ سندھ حکومت کی جانب سے معذور افراد کی زیر التوا ملازمتوں کے لیے فوری جاب لیٹر جاری کرنے کے حوالے سے ضروری قانونی وعدالتی کوششیں کریں۔ معذور افراد کے وفد نے بتایا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق عدالت نے سندھ حکومت کو فوری نوٹس جاری کیا جس کے نتیجے میں چند معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں پر رکھ لیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کا معاملہ ابھی تک زیر التوا ہے۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن سے درخواست کی کہ وہ دیگر محروم رہ جانے والے افراد کے سلسلے میں بھی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جماعت اسلامی پبلک ایڈ کی لیگل کمیٹی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی کہ سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے کوٹے پر غیر قانونی ملازمتیں دی جاتی ہیں اور معذور افراد سرکاری ملازمت سے محروم رہ جاتے ہیں، جس پر سندھ ہائی کورٹ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کو اس قانون پر فی الفور عمل درآمد کرانے کا نوٹس جاری کیا جس کے نتیجے میں کئی افراد کو سرکاری ملازمتوں کے لیٹر جاری ہوچکے ہیں۔