حکومت کے جانے کے دن آچکے ہیں،مولا بخش چانڈیو

84

حیدرآباد(آن لائن) سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹرمولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان ایک نااہل سلیکشن ہے، حکومت کے جانے کے دن آگئے اور کہا کہ ملتان میں علی قاسم و دیگر جیالوں کی گرفتاریاں و مقدمات بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں لوگ اس نااہل سلیکشن کیخلاف نکل آئے ہیں ۔انہوں نٰے کہا کہ حکومت جلسوں کو روکنے میں ناکام ہوئی تو اب طاقت کا اندھا استعمال کیا جا رہا ہے اور کہا کہ عوام حکومت کی پابندیوں کو روند کر اور پالسیوں کو مسترد کر کے نکل چکے ہیں ۔عمران خان نے پسندیدہ آمر ایوب خان کی طرح سنگل اور تالا چوری کے مقدمات بنائے ، لوگ آمروںسے نہیں ڈرے تو اس سلیکٹڈ سے کیوں ڈریں گے ۔ہر حکومت مخالفوں پر مقدمات اور گرفتاریاں تب کرتی ہے جب اس کے آخری دن ہوں، حکومت نے ملک کے معروف زبان درازوں کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اب یہ مقدمات چلیں گے نہ زبان درازیاں کام آئیں گی جبکہ ہم آصفہ بی بی کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اپنے نانااور والدہ کے مشن پر نکل پڑی ہیں۔