ملتان‘ پشاور(صباح نیوز+آ ئی این پی)ملتان اسٹیڈیم پر پولیس کے کنٹرول میں، علی قاسم گیلانی و دیگر جیل منتقل۔ ملتان پولیس نے پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم)جماعتوں کی گزشتہ روز جلسہ گاہ قاسم باغ میں زبردستی داخل ہونے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں صاحبزادوں سمیت 80 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ملتان پولیس کے مطابق مقدمے میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی، موسی گیلانی، ایم پی اے حیدرگیلانی اور قاسم گیلانی کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں 7 مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔ مقدمے میں پی ڈی ایم جماعتوں کے مقامی رہنمائوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔جب کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہو کر جلسہ گاہ پرقبضہ کرنے کے الزام میں گرفتار علی قاسم گیلانی کو ایک ماہ کے لیے جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیے۔ادھرملتان میں پی ڈی ایم جماعتوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ خالی کردیا ، اسٹیڈیم میں کوئی کارکن موجود نہیں ،پولیس نے قاسم باغ کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جلسے کے لیے لایا گیا سامان بھی واپس بھجوا دیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور جلسے کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ 22 نومبر کو رنگ روڈ پر ہوا تھا اور صوبائی حکومت کی جانب سے جلسہ منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔مقدمہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کے ضلعی صدور اور ذمے داروں کے خلاف درج کیاگیا جبکہ ایف آئی آر تھانہ پہاڑی پورہ میں ایپی ڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ کے تحت کاٹی گئی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق کورونا پھیلاؤ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی اجازت نہ دینے کے باوجود جلسہ کیاگیا، اسلحہ کی نمائش کی گئی اور بغیر اجازت ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا۔