حکومت بوکھلا اٹھی، چاہے جتنی گرفتاریاں کرلے جلسہ ہوکر رہے گا،بلاول

37

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ حکومت ملتان میں ہونے والے پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے،ایک بار پھر حملہ کرکے ہمارے کارکنان کو گرفتار کرلیا، چاہے کچھ بھی ہوجائے، جلسہ تو ہوکر رہے گا۔ ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے ردعمل اور پارٹی کے 53 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت پنجاب میں ہونے والے پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک بار پھر حملہ کیا اور قاسم گیلانی سمیت ہمارے مختلف کارکنان کو گرفتار کرلیا، چاہے کچھ بھی ہوجائے ہم 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ زرداری میری نمائندگی کے لیے ملتان پہنچ رہی ہیں، جلسہ تو ہوکر رہے گا۔ بلاول کا مزید کہنا تھا کہ یوم تاسیس کے جلسے سے پہلے جیالوں کے خلاف دھونس دھمکیوں، گرفتاریوں اور جسمانی تشدد نے یہ ثابت کردیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت در حقیقت آمریت کا ایک جیتا جاگتا نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پانچ دہائیوں سے آمروں کے خلاف جنگ لڑی ہے اور لوگوں کی غیر متزلزل حمایت سے انہیں شکست سے ہمکنار بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سلیکڈ و کٹھ پتلیوں کا شکست کا مزہ چکھنے اور ہمیشہ کے لیے اپنے پیش روؤں کی طرح سیاسی قبرستان میں دفن ہونے کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کے جانشین کی حیثیت سے وہ پارٹی کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ مل کر، پورے عزم و استقلال کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھانے کے ذمے دار ہیں۔