پی ڈی ایم میں کچھ پارٹیاں وطن دشمن ہیں، اعجاز الحق

53

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ،پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتوں کی وطن دشمنی سب کے سامنے ہے، وہ لوگ جو اپنی ہی افواج کو برا بھلا کہہ رہے ہیں وہ مودی کی زبان بول رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ( ض) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے مقامی کلب میں پاک فوج اور شہداء سے اظہار یک جہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع شہداء کے لواحقین اور ریٹائرڈ آفیسرز اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اعجاز الحق نے مزیدکہا کہ مولانا فضل الرحمٰن مارگلہ کی پہاڑیوں پر طالبان کی موجودگی پر پاک فوج کو آپریشن کا کہتے رہے، یہ پاک فوج ہی تھی جس نے انتہا پسندی پر اپنی جانوں کے نذرانے دیکر قابو پایا ۔ کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان نے کہا کہ کچھ سیاسی عناصر جب پاک فوج کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں تو ہمیں دکھ ہوتا ہے، اب ہم ایسے لیڈروں کیخلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ کرنل (ر) تیمور سلطان نے کہا کہ ہم نے کبھی کسی کو غدار یا وطن دشمن کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا،یہ سرٹیفکیٹ بھارتی میڈیا کی کوریج سے ملتا ہے۔ چودھری غلام ربانی نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی طاقتور ترین فوج ہے، پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔پیر عبدالقدوس نقشبندی نے کہا کہ وطن کی سرحدوں پر دفاع کیلیے کھڑے جوانوں کی بدولت ہم سکون کی نیند سوتے ہیں کانفرنس سے حافظ عبد الغفور منہاس، خالد اعجاز، خواجہ بابر سلیم، میڈیم فریدہ یونس نے بھی خطاب کیا اس موقع پر جھگی اسکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کر کے پاک فوج سے محبت کا اظہار کیا۔