عوام کی حکمرانی پر سودا بازی نہیں کریں گے‘ زرداری

38

اسلام آباد (این این آئی) سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی کے اصول پر کسی قیمت پر بھی سودا بازی نہیں کریں گے‘ عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلیے فیصلہ کن جدوجہد شروع ہو چکی ہے‘ پیپلزپارٹی اپنے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے پر ثابت قدم ہے‘شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے سرکاری ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور یہ ساز ش بھی کر رہی ہے کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن پر ڈاکا ڈالے‘ سیاسی آزادی سلب کر دی گئی ہیں‘ پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کی مشق کی جا رہی ہے‘ آئین کو مسخ کرنے کی ہر کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔