پاکستان اسٹیل مل کے مظلوم ملازمین

116

وہ قتل بھی کر دیں تو چرچا نہیں ہوتا
ہم آہ بھی کریں تو ہو جاتے ہیں بدنام
پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین ایک عرصہ سے عجیب و غریب کی کشمکش میں مبتلا ہیں، پاکستان کے تمام منافع بخش ادارے ایک ایک کر کے کوڑیوں کے داموں فروخت کیے گئے ہیں اور جو بچ گئے ہیں، ان کی لوٹ سیل بڑے زور و شور سے جاری ہے، اب یقین ہو چکا ہے کہ ارض پاک میں سوائے جمہوریت کے ہر شے فروخت ہو جائے گی۔ پاکستان اسٹیل مل ملک کا واحد ادارہ ہے جو اپنی مثال آپ ہے، یہ ادارہ جہاں امیروں کے محلات کو مضبوط اور طاقت ور بناتا ہے، وہیں پر یہ ادارہ اس ملک کے غریب مزدوروں کے بچوں کو بھی پالتا ہے، اس ادارے کے جتنے بھی چیرمین اور اعلی افسران آئے،انھوں نے دونوں ہاتھوں سے اس ادارے کو لوٹ لوٹ کر اپنے بنک اکاؤنٹس فل کرنے کے سوائے کوئی کام نہیں کیا ہے۔ اب اس ادارے کے ملازمین کو فارغ کرنے
کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، یہ تمام افراد انتہائی نچلے درجے کے ملازمین ہیں۔ وفاقی حکومت کے اس اقدام کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، عمران خان کا انتخاب کا منشور تو یہ تھا،ایک کروڑ نوکری دیں گے، لیکن لگتا ہے کہ ان سے اعلان غلط ہوگیا تھا، ان کو یہ اعلان کرنا چاہیے تھا کہ ہم ملک کے ایک کروڑ غریب محنت کشوں کو بیروزگار کریں گے۔ بڑے شرم کی بات ہے،وقت کے حکمران کا لاکھوں روپے میں بھی گزارا نہیں ہوتا ہے،اور ملک کے غریب مزدوروں کو جھوٹی تسلیوں، وعدوں پر چھوڑ دیا گیا ہے،آخر کب تک اس ملک کی غریب عوام اور مزدور طبقے کا استحصال جاری رہے گا۔ ہم اہل قلم سے گزارش کرتے ہیں کہ خدارا اپنے قلم کو اس ملک کے غریب مزدوروں کے حقوق پر لکھنے کا بھی اشارہ کریں،تاکہ حق انسانیت ادا ہوسکے، اور اس ملک کے انتہائی وفاداروں سے گزارش ہے کہ اس ملک کے غریب مزدوروں کو انکے حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔