بلدیاتی فیڈریشن سرگودھا کا اجلاس

41

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ 73 سالہ ظلم کے نظام کا نتیجہ ہے کہ آج اس ملک کا مزدور اور کسان سب سے زیادہ مظلوم ہے۔ بے روزگاری عام ہے، تنخواہیں بہت کم ہیں، مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوشاب میں بلدیاتی فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے عہدیداروں اور این ایل ایف پنجاب وسطی ریجن کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز اپنی زندگی اور صحت کو تباہ کرکے شہروں کو صاف ستھرا رکھتے ہیں لیکن انہیں مستقل ملازمت نہیں دی جاتی، ٹھیکیداری نظام کے ذریعے اُن کی زندگیوں سے کھیلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز کی تنخواہ اور مراعات (لاکھوں میں) سب سے زیادہ ہونی چاہئیں۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ اس ملک کی مزدور تحریک کو محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے نام نامی پر کھڑا کیا جاسکتا ہے۔مزید برآں بلدیاتی فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے نومنتخب عہدیدار، سرپرست محمد نواز، چیئرمین شاہد مسیح، یونس مسیح وائس چیئرمین، جارج مسیح نائب صدر، محمود مسیح صدر، وابٹ مسیح جنرل سیکرٹری، محمد بلال جوائنٹ سیکرٹری، جاوید مسیح فنانس سیکرٹری، نیشنل لیبر فیڈریشن NLF پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے حلف لیا۔ اس موقع پر بلدیاتی ورکرز اینڈ اسٹاف فیڈریشن (ملحقہ این ایل ایف) کے مرکزی صدر گل نواز خانِ سیکرٹری جنرل محمد عیسیٰ، این ایل ایف پنجاب وسطی کے صدر امین منہاس، بلدیاتی فیڈریشن کے مرکزی سینئر نائب صدر، احسان اللہ وڑائچ اور دیگر بھی موجود تھے۔