قائداعظم ٹرافی کا 5 واں مرحلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم

55

کراچی(اے پی پی ) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں رائونڈ کا اختتام پر ناردرن اور خیبر پختونخواہ، سندھ اور بلوچستان، سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ برابری پر ختم ہوگیا۔ نیشنل اسٹیڈیم ناردرن اور خیبر پختونخواہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہوا ۔ میچ کے آخری روز اتوار کو خیبر پختونخواہ کو میچ جیتنے کے لیے 390رنز کا ہدف ملا تھا ۔ خیبر پختونخواہ کو آخری روز میچ جیتنے کیلیے مزید 335رنز درکار تھے لیکن جب کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو خیبر پختونخواہ نے 319 رنز بنائے اور ان کے 9 کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے ۔ خیبر پختونخواہ نے 55رنز بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کیا ۔ مصدق احمد نے 85 اور اسرار اللہ نے64 رنز بنائے ۔ دونوں اووپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے ۔ کامران غلام45 اور زوہیب خان 42رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ محمد وسیم جونئیر نے 18 اور ارشد اقبال ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔ آخری جوڑی نے وکٹ پر رک کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا ۔ نعمان علی نے 112 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔ وقاص احمد اور منیر ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 460 رنز اور خیبر پختونخواہ نے 318 رنز بنائے تھے ۔ ناردرن نے دوسری اننگز 247 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلئیرکر دی تھی ۔اسٹیٹ بنک گرائونڈ میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بھی ہار جیت کا فیصلہ ہو ئے بغیر ختم ہو گیا ۔