جھڈو اور نواحی علاقوں میں یخ بستہ ہوائوں کا راج

69

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو اور نواحی علاقوں میں یخ بستہ ہوائوں کا راج، شمالی ہوائوں نے موسم مزید سرد کردیا، شہری سر شام گھروں میں دبک گئے، گرم مشروبات کے استعمال میں اضافہ، گرم کپڑوں اور خشک میوہ جات کے دام بھی بڑھ گئے۔ موسم سرماکی پہلی لہر آتے ہی درجہ حرارت میں تیزی سے کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے، شمال کی تیز سرد ہوائوں نے ٹھنڈ میں یکدم اضافہ کردیا ہے، یخ بستہ ٹھنڈی ہوائوں کے باعث سر شام ہی شہریوں نے گھروں کا رخ کرنا شروع کردیا اور گلی محلوں میں سناٹا چھا گیا، شہریوں نے سردی سے بچائو اور موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے گرم مشروبات، انڈوں اور خشک میوہ جات کا استعمال کرنا شروع کردیا، جس سے مونگ پھلی سمیت تمام خشک میوہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ سردی کی لہر آنے سے نئے اور استعمال شدہ لنڈے کے کپڑوں کی قیمتیں بھی دگنی ہوگئی ہیں۔ دیہات میں موسم کی مناسبت سے مچ کچہریوں کا انعقاد بھی شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی حالیہ لہر ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔