الوداع کاوان: خصوصی پروازمیں کمبوڈیا روانہ

166

اسلام آباد میں واقع مرغزار چڑیا گھر اور سری لنکا سے تحفے میں ملنے والے واحد نر ہاتھی کاون کو آج نور خان ایئر بیس سے خصوصی کنٹینر میں جہاز کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نومن کاون کے کنٹینر کو ایئرپورٹ کے رن وے تک پہنچانے کے لیے نیشنل لاجسٹک سیل نے جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم فورپا کو لاجسٹک سپورٹ مہیا کی  جبکہ نور خان ایئر بیس پر کاون ہاتھی کو خصوصی کنٹینر کے ذریعے جہاز میں سوار کیا گیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف سمیت تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ صبح 5 بجے روس کا خصوصی کارگو طیارہ آئی ایل 76 ٹی ڈی کاون کو لے کر کمبوڈیا روانہ ہوگیا ہے جس میں 2 ڈاکٹرز، 8 رکنی ٹیکنیکل عملے سمیت 10 رکنی غیر ملکی ماہرین پر مشتمل ٹیم بھی کاون کے ہمراہ گئی ہے۔

واضح رہے روسی کمپنی الیوشن کا خصوصی کارگو جہاز آئی ایل 76 ٹی ڈی 190 ٹن کا وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ طیارہ روس کے علاوہ یورپ، ایشیا اور افریقہ میں ایئریل ری فیولنگ سمیت دنیا بھر میں حادثات میں ریلیف کے مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔

یاد رہے اسلام آباد چڑیا گھر کے اس نامناسب رویے (زنجیروں میں جکڑ کر باندھے رکھا) کے باعث نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی شدید ردعمل دیکھنے کو ملا جس کی وجہ سے 2015 میں فری کاون کے نام سے مہم بھی چلائی گئی جبکہ   یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے آنے کے بعد عدالت نے اسلام آباد چڑیا گھر کے انتظامی امور چلانے کے لیے وائلڈ لائف بورڈ مقرر کرنے کی ہدایت کی اور غیر ملکی ماہرین نے اسلام آباد چڑیا گھر میں موجود اس ہاتھی کا علاج بھی شروع کردیا تھا اور آج کاون کو کمبوڈیا منتقل کیا جارہا ہے۔