سندھ حکومت کا ٹھٹھہ کے جزیروں کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

152

حکومت سندھ نے ٹھٹھہ کے ساحل سے قریب 200 سے زیادہ چھوٹے جزیروں کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ سندھ کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی گورننگ باڈی کے حالیہ 16 ویں اجلاس میں ہوا جس کی صدارت سندھ لاء اینڈ ماحولیات کے مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کی۔

یہ جزیرے ٹھٹھہ کی 110 کلو میٹر لمبی ساحلی پٹی کے ساتھ واقع ہیں اور اس کا رقبہ 394 ایکڑ ہے۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل اس تجویز کا لائحہ عمل تیار کریں گے جس کے بعد سندھ کابینہ سے منظوری کے بعد اسے نافذ کیا جاسکے گا۔

اجلاس کی صدارت کرنے والے نے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بہت سیاحوں کو متوجہ کرنے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت عوامی سطح پر ان جزائر کی تشہیر کی جائے۔