بیشتر لوگوں کو جانوروں سے محبت ہوتی ہے اور گھر میں جانور پالتے ہیں یا کاروبار کرتے ہیں، ایسی ہی ایک خاتون کے بارے میں بتائیں گے جو اپنے گھر میں سیکڑوں جانوروں کے ساتھ رہتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اومان کے دارالحکومت مسقط کی شہری مریم البلوشی 480 بلیاں اور 12 کتوں کے ساتھ اپنے گھر میں رہتی ہیں اور وہ ان پر ماہانہ 8000 ڈالرز (پاکستانی 12 لاکھ 75 ہزار) خرچ کرتی ہیں۔
مریم البلوشی 51سالہ ریٹائرڈ سول سرونٹ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ جانوروں سے جنون کی حد تک محبت کرتی ہیں لیکن حقیقت اس سے بالکل الگ ہے۔
سال 2008 میں ان کا بیٹا ایک پرشین بلی کو گھر لایا تھا اور ان کو بلی کا گھر میں ہونا کوئی خاص پسند نہیں تھا جبکہ مریم کا بیٹا اس بلی کا خیال نہیں رکھتا تھا تو مریم نے اس بلی کا خیال رکھنے کی ذمہ داری اٹھائی۔
سال 2011میں مریم اشدید ڈپریشن میں مبتلا ہوگئیں اور وہ خود کو اس ڈپریشن سے نجات دلانے کا اعزاز بلی کو دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ بلی نے انہیں اس ڈپریشن سے نجات دلانے میں بہت مدد کی ہے اور اس کے بعد مریم نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ اپنی زندگی ان جانوروں کا خیال اور ان کی دیکھ بھال کرنے میں وقف کر دیں گی۔
واضح رہے مریم اب اپنے گھر میں سیکڑوں بلیوں اور کتوں کے ساتھ رہتی ہیں اور وہ اپنا سارا وقت ان کی دیکھ بھال اور ان کا خیال رکھنے میں وقف کرتی ہیں۔