کورونا کی دوسری لہر‘الخدمت سندھ نے ٹاسک فورس قائم کردی

48

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی زیرقیادت کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور الخدمت سندھ کی طبی خدمات کے حوالے سے قباء آڈیٹوریم میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں الخدمت فائونڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری،جنرل سیکرٹری محمد شاہد اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی
شریک تھے۔ اجلاس میں کورونا ٹیسٹ ،آکسیجن سلنڈرز کی دستیابی سمیت دیگر امور کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ فوری مدد ورسپانس کیلیے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاہد کی سربراہی میں چھ رکنی ٹاسک فورس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش ہے، عوام کو ایک ذمے دار شہری کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاط کرنی چاہئے پہلے کی طرح دوسرے لہر میں بھی جماعت اسلامی والخدمت کے کارکنان عوام کو بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے۔ حکومت نے کورونا وبا کے بچاؤ وامداد کیلیے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کرے،کورونا مراکز کو دوبارہ فعال کرکے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں۔الخدمت کے رضاکار وہسپتال روالپنڈی سے کشمور تک حاضر ہیں،صوبائی امیر نے جماعت اسلامی کے کارکنان وذمے داران پر زور دیا کہ وہ الخدمت کے ساتھ ملکر پہلی لہر کی طرح دوسری لہر میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں، محمد حسین محنتی نے اہل خیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس خیر کے کام میں الخدمت ریلیف سرگرمیوں میں اپنا دست تعاون بڑھائیں، الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری نے کہا کہ الخدمت کے حیدرآباد،گھوٹکی وسکھر ہسپتال اس حوالے سے متحرک ہیں، عوامی آگاہی کیلیے پوسٹر،پینافلیکس، ہینڈبلز اور واک کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ عوام کو سینی ٹائزر اور ماسک بھی دیے جائیں گے۔