مکمل لاک ڈائون کا نعرہ مارنے والے ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں ، وزیر اعظم

47

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔پیرکو مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں سیاسی، معاشی اور پارلیمانی امور سمیت قانونی و آئینی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق تازہ اعدادوشمار حوصلہ افزاء ہیں، کورونا سے زندگیاں بچانا پہلی اور
معیشت کو اوپر اٹھانا دوسری ترجیح ہے۔قبل ازیں وزیراعظم سے ڈاکٹر شاہد کاردار نے ملاقات کی، جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام، لوٹی ہوئی رقم کے واپسی کے لیے اقدامات اور مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے، لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے ملاقات کی۔انہوںنے وزیراعظم کو پورٹس کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے اشتراک سے ماہی گیروں کو آسان ترین شرائط پر قرضے دینے اور کراچی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعظم نے ماہی گیروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے علاوہ ان کی خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔مزیدبرآں وزیر اعظم نے برآمدات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ قائم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے جب کہ وزیر اعظم نے بابا گورونانک کی 551 سالگرہ کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم کرتار پور میں سکھ برادری کوعبادت کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں گے ۔