عرفان منگی اسلام آباد اور راولپنڈی کا دہشت گرد بنا ہوا ہے ، عہدے سے ہٹا ئینگے ، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ

97

 

اسلام آباد(آن لائن)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والانے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے لوگ کس طرح لوگوں کو کمروں میں بند کر کے ڈرا دھمکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں
قرار داد کے ذریعے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو عہدے سے ہٹائیں گے ،نیب کے لوگ کس طرح لوگوں کو ڈرا دھمکا کر پلی بارگین کرا رہے ہیں، نیب کیخلاف جدوجد جاری رہے گی،تمام ارکان ساتھ ہیں،سینیٹ کا اجلاس بلانے کے ریکوزیشن جمع کرا رہے ہیں،چیئرمین نیب نے ہراساں کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، چیئرمین نیب کو بتایا کہ ڈی جی نیب راولپنڈی پورے اسلام آباد کا دہشت گرد بنا ہوا ہے،ڈی جی نیب نے ملک بھر میں دہشت پھیلا رکھی ہے،عرفان منگی کہتا ہے مجھے چیئرمین نیب بھی نہیں ہٹا سکتا،اگرڈی جی نیب چیئرمین سے بڑا طاقتور ہے تو یہ افسوسناک بات ہے ،پھر ہمیں ڈی جی نیب کو ہٹانا پڑے گا،ڈی جی کیخلاف قرار داد لانا پڑے گی۔علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے ۔جس میں چیئر مین نیب نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میںسلیم مانڈوی والا کے نیب کے خلاف بیانات کے بارے میںجاری تحقیقات کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کا اس موقع پرکہنا تھا کہ آپ کو اپنے کیس سے متعلق غلط فہمی ہوئی ہے، آپ کے کیس کا پورا ریکارڈ طلب کیا ہے، خود جائزہ لوں گاتاہم سلیم مانڈوی والا نے جواب دیا کہ نیب کیخلاف جمع کرائی گئی تحریک کسی صورت واپس نہیں لوں گا،مجھے کیس سے متعلق کوئی غلط فہمی نہیں ہوئی۔ذرائع کے مطابق سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا عرفان منگی اور تحقیقاتی افسر مدثر کی جانب سے مسلسل بلیک میل کیا جا رہا ہے،نیب کی ان کارروائیوں کے خلاف عدالت عظمیٰ جانا پڑا تو بھی جاوں گا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ تاجروں سمیت کسی کے خلاف کوئی زیادتی نہیں ہوگی،جو افسران کسی کو ہراساں کرنے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف نیب کیسز کے معاملے پر اپوزیشن ڈٹ گئی اور چیئرمین نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی کو پارلیمنٹ طلب کرنے کے معاملے پر بضد ہوگئی ہے اور اپوزیشن نے نیب کیسز کے معاملے پر سینیٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ اجلاس بلانے کے لیے ریکیوزیشن جمع کرائی جائے گی اور اس حوالے سے اپوزیشن رہنمائوں نے مشاورت شروع کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ اجلاس بلاکر نیب کی انتقامی کارروائیوں کا معاملہ زیر بحث لایا جائے،سلیم مانڈوی والا کی نیب کے خلاف تحریک بھی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی،سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تحقیقاتی افسر کے خلاف تحریک جمع کرا رکھی ہے۔