عالمی قوتیں اسلامی تحریکوں کو نقصان پہنچارہی ہیں،حافظ نعیم

66

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت مسجد طیبہ زمان ٹائون کورنگی میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی قوتیں اسرائیل کی پشت پناہی کر کے اسلامی تحریکوںکو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں ۔مصر ،بنگلہ دیش، فلسطین میں اسلامی تحریکوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔اسلامی تحریکوں سے خوف زدہ مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے اور ہم اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام عملی طور پر نافذ کرنا چاہتے ہیں اور دنیا کو طاغوت اور شیطان کے چنگل سے آزاد کرانا چاہتے ہیں ۔ہماری جدوجہد کا محور ومقصد اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنا ہے اور اللہ کے نظام کو تو نافذ ہونا ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن اس ملک میں اللہ کا نظام نافذ نہیں ہوسکا اور خائن نااہل افراد اس ملک کے حکمراں بن گئے جنہوں نے عوام کو بھوک غربت افلاس بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔اس موقع پر امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان، نائب امیر محمد شفیق اور سیکرٹری عبدالحفیظ نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان میںبلدیاتی انتخاب نہیں کرانا چاہتی تو سندھ حکومت بھی سندھ اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی اور فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریا ں کریں ،قوم کے مجرموں کوفرارنہیںہونے دیںگے۔