قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

142

اِن میں سے کچھ لوگ ایسے ہیں جو کان لگا کر تمہاری بات سنتے ہیں اور پھر جب تمہارے پاس سے نکلتے ہیں تو اْن لوگوں سے جنہیں علم کی نعمت بخشی گئی ہے پوچھتے ہیں کہ ابھی ابھی اِنہوں نے کیا کہا تھا؟ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ نے ٹھپہ لگا دیا ہے اور یہ اپنی خواہشات کے پیرو بنے ہوئے ہیں۔ رہے وہ لوگ جنہوں نے ہدایت پائی ہے، اللہ اْن کو اور زیادہ ہدایت دیتا ہے اور انہیں اْن کے حصے کا تقویٰ عطا فرماتا ہے۔ اب کیا یہ لوگ بس قیامت ہی کے منتظر ہیں کہ وہ اچانک اِن پر آ جائے؟ اْس کی علامات تو آ چکی ہیں جب وہ خود آ جائے گی تو اِن کے لیے نصیحت قبول کرنے کا کونسا موقع باقی رہ جائے گا؟۔ (سورۃ محمد:16تا18)
نبی کریم صلٰی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تین شخص ایسے ہیں کہ اللہ قیامت کے دن ان سے بات نہیں کرے گا اور نہ ہی ان کی طرف نظر رحمت ہی سے دیکھے گا ایک وہ شخص جس نے سامان فروخت کرتے وقت قسم اٹھائی کہ اس کی قیمت مجھے اس سے کہیں زیادہ مل رہی تھی حالاںکہ وہ اس بات میں جھوٹا تھا دوسرا وہ شخص جس نے عصر کے بعد قسم اٹھائی تاکہ اس سے کسی مسلمان کا مال ہتھیا لے تیسرا وہ شخص جو فالتو پانی سے لوگوں کو منع کرے اللہ اس سے فرمائے گا آج کے دن میں تجھ سے اپنا فضل روک لیتا ہوں جیسا کہ تو نے اس چیز کا فضل روکا تھا جس کو تیرے ہاتھوں نے نہیں بنایا تھا‘‘۔ (بخاری)