بی آئی ایس پی کرپشن ریفرنس: 2 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ

49

اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کے جج اصغر علی کی عدالت نے فرزانہ راجا وغیرہ کے خلاف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں 2 شریک ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر
وسیم جاوید عدالت پیش ہوئے اور نیب کی جانب سے شریک ملزمان عفت زہرا اور شعیب خان کی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی، عدالت نے ملزمان کی مسلسل عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ ریفرنس میں ملزمان پر سرکاری خزانے کو 540 ملین کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت نے حاجی خیر اللہ وغیرہ کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کیس میں ملزمان کی طرف سے دائر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم سنادیا اور ہدایت کی کہ کیس سماعت کیلیے ڈسٹرکٹ کورٹس کو بھجوادیا جائے۔