پنجاب: سرکاری اسکولوں میں 8 لاکھ بچوں کے جعلی اندراج کا انکشاف

36

لاہور (آن لائن) پنجاب کے 48 ہزار سرکاری اسکولوں میں 8 لاکھ بچوں کی جعلی انرولمنٹ کا انکشاف ہوا ہے، یہ انکشاف محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی انرولمنٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں کے
سربراہان کو یکم دسمبر 2020ء تک اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کا ڈیٹا آن لوڈ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں لیکن اسکولز سربراہان نے 45 فیصد بچوں کا ڈیٹا تاحال آن لوڈ کیا ہے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں لاکھوں بچوں کی جعلی انرولمنٹ سابقہ دور حکومت میں کی گئی تھی۔ اسکولوں کے سربراہان نے تبادلوں کی حکومتی دھمکیوں سے بچنے کے لیے جعلی انرولمنٹ کر رکھی تھی جبکہ محکمے کے مطابق زیر تعلیم طلبہ و طالبات کا بے فارم کا اندراج نہ کرنے والے اور طالبات کا ڈیٹا آن لوڈ نہ کرنے والے اسکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ دوسری طرف پنجاب ٹیچرز یونین نے محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب سے 100 فیصد ڈیٹا آن لوڈ کرنے کے لیے مزید 3 ماہ کی مہلت طلب کرلی ہے۔