نسلوں کو محفوظ مستقبل دینا مشترکہ ذمے داری ہے، وزیراعلیٰ پختونخوا

36

پشاور (آن لائن) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں صوبے میں 5 روزہ مہم کا باقاعدہ اجراء کردیا، 64 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کو اولین ترجیح اور قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی آنے والی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانا اور انہیں ایک محفوظ مستقبل دینا حکومت سمیت سب کی اجتماعی ذمے داری ہے جس کیلیے علما، سیاسی رہنماؤں، اساتذہ، والدین اور میڈیا سمیت سب کو حکومتی
کوششوں میں ہاتھ بٹانا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں بہت جلد پختونخوا سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا۔ 5 روزہ مہم کے دوران خیبر پختونخوا میں 5 سال سے کم عمر کے 64 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اس مقصد کیلیے صوبے بھر میں کل 28 ہزار 681 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 25 ہزار 579 موبائل ٹیمیں، ایک ہزار 868 فکسڈ ٹیمیں، ایک ہزار 104 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 130 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔