اخلاص اور اعتماد کے بغیر کوئی اسلامی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی،راشد نسیم

52
ٹھٹھہ: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و دینی اسکالر راشد نسیم نے کہا ہے کہ یکسوئی، خلوص اور اعتماد کے بغیر کوئی بھی اسلامی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام تمام تر آزمائشوں کے باوجود استقامت کے ساتھ حق پر ڈٹے رہے اور آج ساڑھے چار ہزار سال گزر جانے کے باوجود لوگ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نہیں بھلا سکے ہیں۔ دنیا ان کی استقامت، اللہ پر توکل اور حق کے غلبے کے کامل یقین کی مثال پیش کرتی ہے۔ اسلامی تحریک کے کارکنوں کو بھی سیرت حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اپناتے ہوئے اللہ کی مدد و نصرت پر کامل
یقین اپنے مقصد و نصب العین اور اللہ کے احکامات پر مکمل عمل اورکسی نتائج کی پراوہ کیے بغیر استقامت کے ساتھ آگے بڑھیں تو کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ٹھٹھہ کے تحت منعقدہ اسٹڈی سرکل سے خطاب کے دوران کیا۔ ضلعی امیر الطاف احمد ملاح و دیگر ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔ راشد نسیم نے کہا کہ جو تحریکیں اپنے نظریے و نصب العین کے مطابق اخلاص و اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں تو اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت بھی ان کے ساتھ ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے جو کسی فرد و خاندان کے بجائے صرف اللہ کی طرف بلاتی ہے۔ اس لیے ان کے قافلہ میں شامل لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام سرگرمیوں کا مرکز و محور صرف رضائے الٰہی کے حصول کو بنائیں۔

ٹھٹھہ: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں