سینیٹ الیکشن میں رکاوٹ کا اپوزیشن کا منصوبہ ناکام ہوگا، گورنر پنجاب

64

لاہور (آن لائن) گور نر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کی راہ میں رکاوٹوں کا بھی اپوزیشن کا منصوبہ ناکام ہوگا، اپوزیشن دیکھے گی کہ سینیٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے، پی ڈی ایم جلسے کر کر کے تھک جائے گی مگر حکومت 2023ء تک قائم رہے گی، اپوزیشن اپنی تسلی کرلے جلسوں سے حکومت ختم ہونے والی نہیں، عمران خان اصولی سیاست سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان خیالات کا اظاہر انہوں نے سینئر صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان سے گفتگو میں کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے
مطابق ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی مفادات کیلیے عوام کی زندگی سے کھیل رہی ہے اور جلسوں کے ذریعے عوام کیلیے کورونا کو ’’دعوت‘‘ دے رہی ہے، اپوزیشن سے ایک بار پھر کہتے ہیں کہ وہ جلسوں کی سیاست فی الحال ختم کردے ورنہ کورونا میں اضافے کی ذمے دار بھی اپوزیشن ہی ہوگی، بدقسمتی سے اپوزیشن کو عوام کی زندگی نہیں اپنے سیاسی مفادات عزیز ہیں۔