حکومتی نا اہلی عوام کو اسٹبلشمنٹ کیخلاف بغاوت پر آمادہ کر رہی ہے ، لیاقت بلوچ

83

 

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جاتی امراء میں میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر تعزیت و دعائے مغفرت کی۔ مزید برآں لیاقت بلوچ نے مزدور رہنما احسان چودھری، مفتی سید عاشق حسین اور مہر بہادر خان جھگڑ کے صاحبزادوں کی تقریب ولیمہ میں شرکت کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سرکار ناکام، نااہل اور ناکارہ ہے۔ حکومت کی نااہلی عوام کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھلی بغاوت پر تیار کر رہی ہے۔ ریاست کا ہر ادارہ بہت اہم اور قابل احترام
ہے لیکن سیاست اور انتخابات میں مداخلت، انجینئرنگ اور مینجمنٹ اب جمہوریت پسند عوام کے لیے قابل قبول نہیں ۔ ہر نعرہ حق لگانے والے کو بغاوت کا مقدمہ بنانے اور ریاستی طاقت سے خاموش کرانا ممکن نہیں ۔ عوامی ذہن جب غلامی کا مائنڈ سیٹ توڑنے پر تیار ہو جائے تو حق غالب ہو کر رہتاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام کی حکمرانی ، قومی و سائل کی منصفانہ تقسیم اور عدل و انصاف ہی اسلامی و خوشحال پاکستان کے استحکام کی بنیاد ہے ۔حکومت نے اقتصادی نظام تباہ کردیاہے ۔ خود انحصاری اور عوام پر اعتماد کی بجائے آئی ایم ایف ، ایف اے ٹی ایف کی دہلیز پر قومی آزادی اور وقار ڈھیر کردیاہے ۔ قرضے ، کرپشن ، لوٹ مار مافیا عوام کے لیے عذاب بن گیاہے ۔ زراعت قومی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن گندم ، چاول ، گنا ، کپاس کے کاشتکار رل گئے ہیں ۔ کھاد، بجلی، تیل، بیج، ز رعی ادویات کی ہوشرباگرانی زراعت کا دم نکال رہی ہے ۔ حکومتی اعلانات سے کاشتکار کو کوئی فائدہ نہیں ہورہاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ حرکات کرنے والی حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے عالم دبائو کے سامنے کسی وقت ڈھیر ہو سکتی ہے ۔ جو حکمران اپوزیشن کے پرامن جلسوں اور احتجاج کو برداشت نہ کر سکیں ، وہ اقتدار پر زیادہ دیر نہیں رہ سکتے ۔ جماعت اسلامی نے کرونا وبا میں اپنی بڑی سیای سرمگرمیوں کو موخر کیاہے یہ ہمارا اپنا فیصلہ ہے ۔ حکومت کرونا وباء کے سدباب کے لیے سنجیدہ ہے تو اپوزیشن جماعتوں سے بات کرے ۔ بحرانوں سے نکلنے کے لیے جلد انتخابات کے لیے قومی ڈائیلاگ ضروری ہے ۔