شیخوپورہ:ٹریفک حادثے میں 14افراد جاں بحق ، 30 زخمی

56

 

شیخوپورہ/ مرید کے (صباح نیوز/ آن لائن) نارنگ منڈی نارروال روڈ پر بس اور وین کے درمیان خوفناک حادثے میں14مسافر جاں بحق اور30 زخمی ہو گئے‘ ہلاک شدگان میںایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق بدقسمت بس نارووال سے لاہور کی طرف جا رہی تھی کہ نارنگ منڈی میں کالاخطائی روڈ پردربار کے قریب سامنے سے آنے والی ٹیوٹا ویگن سے دھند کی وجہ سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد ٹیوٹا ویگن میں موجود ایل پی جی گیس کے سلنڈر کو آگ لگ گئی جس نے پوری مسافر وین کو اور بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے
ویگن میں سوار 14 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 30 مسافر زخمی ہو گئے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مرید کے منتقل کیا گیا‘ ابتدائی طبی امداد کے بعد میو اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔نعشیں تحصیل ہیڈکوارٹر مریدکے شفٹ کردی گئیں‘ اسپتال انتظامیہ نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے‘ آگ لگنے کی وجہ سے بس اور وین دونوں جل کر تباہ ہوگئیں ۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے حادثہ کا ذمے دار دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق گاڑیوں کو آگ ایل پی جی سلنڈر سے نہیں بلکہ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے خوفناک حادثے پر جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا اور حادثے میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے‘وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔