جون 2021 تک زرمبادلہ ذخائر کو20 ارب ڈالر کی سطح پر لایا جاسکتا ہے

56

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے اقدامات کی وجہ سے موجودہ دور حکومت میںپہلی بار زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے تیرہ ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے ہیں جو اگلے مہینے کے اختتام تک 14 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے جس کے لیے یورو اور سکوک بانڈزکا اجراء اور برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زرمبادلہ کی موجودہ صورتحال اطمینان بخش ہے جبکہ سب سے بڑا برآمدی شعبہ ٹیکسٹائل پوری استعداد کے مطابق کام کر رہا ہے مگر کورونا وائرس کی دوسری لہر سب کچھ تتر بتر کر سکتی ہے اس لیے مرکزی بینک عوام کے پاس موجود غیر ملکی کرنسی کو بینکنگ سسٹم میں لانے کے لیے ترغیبات کا اعلان کرے تاکہ جون 2021 تک زرمبادلہ کے ذخائر کو20 ارب ڈالر کی سطح پر لایا جا سکے۔