مائونٹ مانگنوئی(جسارت نیوزن) نیوزی لینڈاور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز 2-0سے نیوزی لینڈ کے نام رہی ، لوکی فرگوسن سیریز کے بہترین کھبلاڑی قرار پائے۔ پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان مائونٹ مانگنوئی کے مقام پر تیسرا میچ شروع ہوا تو میزبان ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کی طرف سے آندرے فلیچر اور برینڈن کنگ نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور میزبان ٹیم کی طرف سے کپتان مچل سینٹنر نے بولنگ میں اٹیک کیا۔ پہلے اوور میں 16رنز بنے ، دوسرے اوور کی ابھی 2 گیندیں ہوئی تھیں کہ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور میچ روکنا پڑا بعد میں بارش تھمنے کا انتظار کیا گیا تاہم بارش نہ رکنے پر میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ۔ نیوزی لینڈ نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 2-0سے اپنے نام کرلی۔ لوکی فرگوسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 72رنز سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ کے گیلن فلپس کو میچ میں 108رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔