کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کوماہ نومبر کے آخری کاروباری سیشن کے دوران اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ دیکھنے میں آیا لیکن مجموعی طور پرکاروبار حصص میں تیزی کا رجحان غالب آگیا اور کے ایس ای100انڈیکس 41 ہزارکی نفسیاتی حدکو بحال کرتے ہوئے 261.73 پوائنٹس کے اضافے سے41068.82پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ62.5فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 34 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 2.32 فیصد کم رہا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو کاروبارکا آغازمنفی زون میں ہوا اور سرمایہ کار ملتان میں اپوزیشن جماعتوں کے اجتماع کے نتیجے میں سیاسی درجہ حرارت بڑھنے کے پیش نظرسرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے نتیجے میں دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 40669 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد ازاں سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری شروع ہونے کے باعث ریکوری آئی۔