جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریاںقابل مذمت ہیں

31

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے پی ڈی ایم کے ملتان جلسہ کی آڑ میںجنوبی پنجاب میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بوکھلا گئی ہے، جماعت اسلامی پی ڈی ایم کا حصہ ہے اور نہ ہی اس کا ملتان کے جلسے سے کوئی تعلق ہے مگر حکومت کی یہ حرکات ثابت کر رہی ہیں کہ اس کے ہاتھ پاوں پھول چکے ہیں۔ حکومت کارکنوں کو فی الفور رہا کرے اور معافی مانگے۔انہوں نے کہا کہ چشتیاں،بہاولنگر،ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے کئی شہروں میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر بدترین سول مارشل لا مسلط کر رکھا ہے۔ملک کو مہنگائی، بے روزگاری ، بے امنی اور قرضوں کے جال میں جکڑ کر معشیت کا پہیہ جام کرنے والے آج چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کر کے کارکنوں کے گھروں پر ریڈ کر رہے ہیں جس کی جس قدر بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دعوے کے مطابق اگر ملک میں جمہوری نظام موجود ہے تو سول اداروں اور عدالتوں کو آزادانہ اور اپنی حدود میں کام کرنے دیا جائے۔ جنہوں نے ملک لوٹا ہے، حکومت اپنے اعلانات کے مطابق ان سے پیسہ نکلوائے اور ڈرامے بازی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلام اور خوشحال نظام تک آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی بے مثال جدوجد جاری رکھے گی اور کوئی ہمیں ہماری جدوجہد سے نہیں روک سکتا۔