کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ غفلت کا نتیجہ ہے

33

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔شہری کورونا وبا سے بچاؤ کیلیے احتیاطی تدابیر اپنا کر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون 164 کے زیر اہتمام عوامی ظہرانے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف شعور بیداری کی کمی کے نتیجہ میں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں لاپرواہی سے کام لے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں وائرس تیزی سے ایک دوسرے میں منتقل ہورہا ہے جو افسوسناک امر ہے۔ ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی دوری برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ موذی وائرس سے خود اپنے آپ کو اور دوسروں کو محفوظ بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن نے صوبائی دارالحکومت میں کورونا وبا سے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلیے آگاہی مہم شروع کردی ہے جسے کامیاب بنانے کیلیے جماعت اسلامی کا ہر فرد اور شہری اپنا موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر میں سب سے پہلے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اہلیان لاہور کے شانہ بشانہ رہی ہے۔ ہم نے لوگوں کو کورونا وبا سے محفوظ بنانے کیلیے فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز اور کورونا ڈیس انفیکشن اسپرے سرکاری و نجی اسکولوں، دفاتر، گلی و محلوں، مساجد، بازاروں، اسپتالوں، پولیس اسٹیشنوں اور میڈیا ہاوسز فراہم کیے ہیں۔ لاک ڈاؤن میں شہریوں کے گھروں میں پکا ہوا کھانا، خشک راشن اور کچی سبزیوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا، شہربھر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسپتالوں میں کورونا وارڈ کا قیام اور الخدمت لیب میں ملک بھر کی تمام بڑی نامور لبیاٹریوں سے کم نرخوں میں کورونا وائرس کے تشخصی ٹیسٹ کیے گئے جو ابھی تک جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں بڑھتے کیسز کے پیش نظر گھروں سے کم باہر نکلیں اور تمام احتیاطی تبدابیر کو اپنا کر محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔