شادی لارج (نمائندہ جسارت) تھرپارکر بدین کے علاقوں میں مویشیوں میں پراسرار بیماری کے باعث سیکڑوں مویشی ہلاک، محکمہ لائیو اسٹاک میٹھی نیند سورہا ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک تھرپارکر کی نااہلی سے اب تک تھرپارکر کے مختلف علاقوں کلو ونگو، جاری پتنگ، کیر باڑو اور دیگر میں پراسرار بیماری کے باعث درجنوں بکریاں، بھیڑیں ہلاک ہو گئی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ ایک گھر میں روزانہ 20 سے زائد بکریوں کی ہلاکت ہورہی ہے اور گائوں میں روزانہ سو سے زائد بکریاں اور بھیڑیں ہلاک ہورہی ہیں، جس سے غریب تھری باشندوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ تھری باشندوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی ویٹرنری ٹیموں نے ابھی تک ان متاثرہ علاقوں کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی بیماری کی تشخیص کی ہے اور نہ حفاظتی ویکسین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر ویٹرنری ٹیمیں ان علاقوں میں نہ روانہ کی گئیں تو ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔