جامشورو تھر مل ملازمین نجکاری کے خلاف پھر گئے

35

جامشورو (نمائندہ جسارت) جامشورو تھرمل ملازمین نجکاری کیخلاف بپھر گئے۔ احتجاجی ریلی نکال کر مین گیٹ بند کرکے دھرنا دے دیا۔ ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کرنے کا ظالمانہ فیصلہ واپس لیا جائے، رہنما۔ جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کے ملازمین نجکاری کیخلاف بپھر گئے۔ ملازمین نے ریجنل چیئرمین نور احمد سومرو، وائس چیئرمین نصیر سیلرو کی قیادت میں بڑی تعداد میں احتجاجی ریلی نکال کر مین گیٹ پر پہنچ کر مین گیٹ بند کرکے دھرنا دیا۔ اس دوران حکومت اور تھرمل پاور ہاؤس انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ملازمین رہنماؤں ریجنل چیئرمین نور احمد سومرو، وائس چیئرمین نصیر سیلرو اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے سازش کے تحت 2 پیداواری یونٹ بند کردیے، جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کو خسارے میں دکھاتے ہوئے اس کو عارضی طور پر بند کرکے اس کو نجی اداروں کو فروخت کرتے ہوئے جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کے ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ وفاقی حکومتی عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے لوگوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، ناکہ اُنہیں بے روزگار کرنے کا۔ رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کرنے کا ظالمانہ فیصلہ واپس لیا جائے۔ دوسری صورت میں نجکاری کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔