ٹنڈوالہٰیا،زمیندار کی نجی جیل سے 14 افراد بازیاب

25

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) پیارو لونڈ پولیس نے عدالتی حکم پر پیارو لونڈ ٹائون کمیٹی کی حد میں واقعے زمیندار کے زرعی فارم پر کارروائی، حبس بے جا میں رکھے ہوئے 14 افراد کو رہا کرکے مقامی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے رہائی پانے والے ہاریوں کے بیان سننے کے بعد انہیں آزاد فضا میں رہنے کی اجازت دے دی۔ ٹنڈوالہٰیار کی سیشن کورٹ میں پیارو لونڈ ٹائون کمیٹی کے ایک رہائشی گیان کولھی نے درخواست دی کہ ان کے اہلخانہ کو مقامی زمیندار نے اپنے زرعی فارم پر حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے، لہٰذا انہیں رہا کروایا جائے، جس پر جج نے پی ایس پیارو لونڈ کے ایس ایچ او کو حکم دیا کہ مذکورہ زمیندار کے زرعی فارم پر کارروائی کرکے افراد کو رہا کرا کر عدالت میں پیش کیا جائے، جس پر ایس ایچ او پیارو لونڈ نے مذکورہ زمیندار عزیز خان دستی کے زرعی فارم پر کارروائی کرتے ہوئے 14 افراد کو رہا کرا کر مقامی عدالت میں پیش کردیا۔ رہائی پانے والوں میں تین مرد، چار عورتیں اور سات بچے شامل ہیں۔ رہائی پانے والوں میں رامشی کولھی، مشو کولھی، نانجی کولھی، سریمتی چگی، شریمتی میان، شریمتی گلاں، شریمتی رانی، آشا، مسکان، ودیا، ہریش، جمعی، دویا، بھرتی شامل ہیں۔ انہوں نے مقامی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ زمیندار نے ہمیں قید نہیں کیا، کچھ غلط فہمی کی نبیاد پر یہ معاملات پیش آئے ہیں جبکہ زمیندار عزیز خان دستی نے رابط کرنے پر بتایا کہ میرے ہاریوں کو کام چھوڑ کر جانا تھا اور انہیں کوئی قید نہیں کیا ہوا تھا اور ہاریوں نے جج کو یہی بیان دیا ہے جبکہ پولیس نے بھی عدالت میں بیان دیا ہے کہ مذکورہ افراد زرعی فارم پر موجود تھے، قید نہیں تھے، جس پر عدالت نے مذکورہ رہائی پانے والوں کو آزاد فضا میں رہنے کی اجازت دے دی۔