جامشورو :بے امنی عروج پر پوش علاقوں میں چوروں کا راج

14

جامشورو (نمائندہ جسارت) بے امنی عروج پر، پوش علاقوں پر چوروں کا راج، فوتگی میں جانے والے ڈاکٹر اور وکیل کے گھروں کا صفایا۔ پولیس نے فرض نبھاتے ہوئے رپورٹ درج کرلی۔ جامشورو میں بے امنی عروج پر پہنچ گئی ہے، جامشورو اور مضافات کے علاقوں کے علاوہ پوش علاقوں پر بھی چوروں نے اپنا راج قائم کرلیا ہے۔ پہلی واردات میں نامعلوم چوروں نے سندھ یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 1 کے بنگلہ نمبر A-68 میں ڈاکٹر سیف بروہی کے بنگلے کا صفایا کردیا۔ اس سلسلے میں بنگلہ مالک ڈاکٹر سیف بروہی نے میڈیا کو بتایا کہ میں اپنے فرائض منصبی پر سہون میں تھا جبکہ میرے اہل خانہ فوتگی کے سلسلے میں اپنے گوٹھ گئے ہوئے تھے۔ اس دوران نامعلوم چور میرے بند گھر کی الماریاں توڑ کر طلائی زیورات، لاکھوں روپے نقدی، بیٹریاں، اسٹیبلائزر اور دیگر قیمتی سامان لے کر باآسانی فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ چوری کی رپورٹ جامشورو تھانے میں درج کرا دی ہے جبکہ دوسری چوری کی واردات سندھ یونیورسٹی ہاؤسنگ کے بنگلے میں ہوئی، جہاں نامعلوم چور بااطمنان طر یقے سے قربان کولاچی کے بند گھر سے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر لاکھوں روپے کا قیمتی سامان چرا کر فرار ہوگئے۔ اس سلسلے میں قربان کولاچی نے صحافیوں کو بتایا کہ میں مع اہلِخانہ فوتگی کے سلسلے میں گئے ہوئے تھے، تیسری واردات میں نامور وکیل محمد رمضان خشک کے گھر کا صفایا کردیا گیا۔ انہوں نے بھی چوری کی رپورٹ درج کرادی ہے جبکہ شہریوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے بے امنی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ڈی آئی جی حیدر آباد اور ایس ایس پی جامشورو سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔