لاڑکانہ، سگ گزیدگی کے واقعات میں 15 افراد متاثر

20

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات، سگ گزیدگی کے واقعات میں کمی نہ آسکی، شہریوں نے کتا مار مہم تیز کرنے کی اپیل کی ہے۔ آوارہ کتوں نے ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں لاڑکانہ، رتو ڈیرو، باقرانی اور ڈوکری میں ایک ہی روز میں 12 بچوں سمیت 15 افراد کو کاٹ کر زخمی کیا، جن میں 5 سالہ ظہیر عباس، 6 سالہ اللہ بخش، 8 سالہ صفیہ، 9 سالہ شہزادو، 11 سالہ شاہ زیب، 22 سالہ سعید، 48 سالہ صفوراں خاتون، 60 سالہ امام زادی، 66 سالہ محمد قاسم کو کاٹ کر زخمی کیا، جنہیں ورثاء کی جانب سے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اے آر وی سینٹر میں ویکسین اور ضروری علاج فراہم کیا گیا۔ بعد ازاں انہیں گھروں کو روانہ کیا گیا۔ اس حوالے سے سینٹر انچارج کا کہنا ہے کہ ہفتہ بھر میں 80 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، تمام متاثرین کو ویکسین اور ضروری علاج بھی دی گئی ہے۔ دوسری جانب عدالتی نوٹس اور احکامات پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کتا مار مہم بھی جاری ہے، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود ایم ایس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کتا مار مہم تیز کرکے شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جائے۔