بلوچستان میں ایڈز کے 1523مریضوں کا انکشاف

62

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان میں ایڈز کے 1523مریضوں کا انکشاف ہوا ہے ان مریضوں میں 37قیدی جبکہ 13خواجہ سرا شامل ہیں ۔صوبے میں ایڈز کے کیسز کی اکثریت انجکشن کے استعمال کی وجہ سے ہے فنڈز کی کمی اور آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ایڈز کی بیماری میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس بات کا انکشاف بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر افضل خان زرکون
نے ،ڈاکٹر ممتاز مگسی ،وطن یار خلجی،امان اللہ اور دیگر کے ساتھ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ڈاکٹر افضل خان زرکون نے کہا کہ دنیا بھر میں یکم دسمبر کو ایڈز کا عالمی دن منایا جاتا ہے رواں سال ایچ آئی وی ایڈز کی وبا کا خاتمہ ، قومی یکجہتی اور مشترکہ ذمہ داری کے موضوعات کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس موذی بیماری کا پہلا کیس 1988 میں شوہر سے بیوی کو منتقلی جبکہ 1992 میں دوسرا کیس ماں سے بچے کو ہوا تھا انہوں نے کہا کہ یہ بیماری خون، جنسی تعلقات، استعمال شدہ طبی آلات، دندان سازی کے اوزار اور آلات جراحی کے ذریعیپھیلتی ہے۔