گھر کے شیر آسٹریلیا میں ڈھیر، آسٹریلیا نے بھارت کیخلاف سیریز اپنے نام کرلی

265

سڈنی: آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 51 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، بھارتی ٹیم 390 ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز ہی بنا سکی۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کی برق رفتار سنچری کی بدولت 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 389 رنز بنائے، اسٹیو اسمتھ نے مسلسل دوسرے میچ میں سنچری اسکور کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 104، ڈیوڈ وارنر 83، مارنس لبوشین 70 اور میکسویل نے 63 رنز کی اننگز کھیلی، بھارت کی جانب سے محمد شامی،بمرہ اورہارڈیک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

390 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز ہی بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی 89، کے ایل راہول 76، شریس ایر 38، شیکھر دھون 30، اگروال 28، ہاردیک پانڈیا 28 اور رویندرا جدیجہ 24رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کی جانب سےپٹ کمنز نے 3، جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زمپا نے 2،2 وکٹیں حاصل کی، آسٹریلیا کے اسٹیو سمتھ کو میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین  تیسرا اور آخری ون ڈے2 دسمبر کو کھیلا کینبرا میں کھیلا جائے گا۔