بحرینی وفد کا مسجدِ اقصیٰ کا خفیہ دورہ

160

بحرین کے ایک وفد نے مقبوضہ بیت المقدس کی انتظامیہ کے علم میں لائے بغیر مقبوضہ مسجد اقصیٰ کا خفیہ طور پر دورہ کیا جس سے فلسطینی حکام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

مقبوضہ بیت المقدس کی اسلامی وقف کونسل جو کہ مسجد اقصیٰ کے احاطے کو کنٹرول کرنے اور اس کا انتظامات سمبھالنے کا ذمہ دار ہے، کے ایک ذرائع نے یروشلم پوسٹ کو بتایا کہ بحرین سے آنے والے لوگوں کی مسجد اقصیٰ میں آمد سے ادارے کو لاعلم رکھا گیا۔

بحرینی لوگوں کی قیادت بحرینی حماد گلوبل سینٹر برائے پُرامن بقائے باہمی کے چیئرمین اور بحرینی شاہی خاندان کے ممبر شیخ خالد بن خلیفہ کر رہے تھے۔

دورے کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے جبکہ اس سے قبل مقبوضہ بیت المقدس کے مفتی شیخ محمد حسین نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اُن مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز پڑنے کی اجازت نہیں ہے جو اسرائیل اور عرب ممالک کے باہمی تعلقات کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے بحرین اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اُس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والا متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرا ملک ہے۔