وزیراعظم سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات، سی پیک سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

128

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر دفاع  جنرل وائی فینگ نے ملاقات کی، جس میں سی پیک سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چینی وزیر قومی دفاع نے چینی صدر اور وزیراعظم کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ چین کی قیادت پاکستان سے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے چین کے وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی پر پوری طرح کاربند ہے، پاکستان چین کے تمام قومی ایشوز پر اس کی حمایت کرتا ہے، پاک چین تعلقات خطے اور اس کے باہر امن و استحکام کیلئے اہم ہیں۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے،انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئےفراہم کردہ امداد پر شکریہ ادا کیا۔

چینی وزیر دفاع سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے 5اگست 2019کے ہندوستان کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے تناظر میں جموں و کشمیر کے بارے میں چین کی پاکستان کے اصولی موقف کی  حمایت کو سراہا۔ اس دوران وزیراعظم نے آر ایس ایس اور بے جے پی کے سنگین خطرے کو بھی اجاگر کیا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے پاکستان سمیت خطے میں  ترقی  کا نیا دور شرع ہوا ہے،وزیر اعظم نے  پاک چین مضبوط  تعلقات کو خطےکے امن و استحکام کیلئے  اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ  خطے کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک، مواصلات کے شعبے میں  اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔