ڈاکٹر ماہا قتل کیس: ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

126

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ماہا شاہ قتل کیس میں ملزمان جنید اور وقاص کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جبکہ عرفان قریشی کا نام ڈسچارج کرنے عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ماہ شاہ قتل کیس کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ہے  اور  عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس میں ناقص تفتیش پر پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ڈاکٹر عرفان قریشی کا نام بھی ڈسچارج کرنے اور اسے چیلنج نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا جبکہ  جسٹس عمر سیال نے استفسار کیا صرف ڈاکٹر عرفان قریشی کو ہی کیس میں کیوں ریلیف دیا جا رہا ہے؟

رپورٹ کے  مطابق  ایف آئی آر میں ڈاکٹر عرفان قریشی بھی دیگر ملزمان میں شامل ہے تو اسے کیسے آزاد چھوڑ دیا ہے جبکہ ملزم جنید اور وقاص کی جوڈیشل میجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ضمانت مسترد کر دی تھی جس پر  ملزمان نے ضمانت مسترد ہونے کے بعد سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

خیال رہے سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ماہا شاہ قتل کیس میں ملزمان جنید اور وقاص کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

واضح رہے  18 اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک خاتون ڈاکٹر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی جبکہ  ابتدا رپورٹ میں پولیس نے کہا تھا کہ کلفٹن کے ایک نجی ہسپتال میں کام کرنے والی نوجوان خاتون ڈاکٹر نے اپنے گھر میں خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی ہے۔

بعد ازاں پولیس نے ان کے دوست جنید خان، وقاص حسن، ڈاکٹر عرفان قریشی اور دیگر 2 افراد کو قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے میں نامزد کیا تھا مگر  چند ہفتے قبل کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا کیس میں تفتیشی افسر کی جانب سے حتمی تحقیقاتی رپورٹ جمع کروانے تک ایک ملزم کو کیس سے ڈسچارج کردیاتھا۔