ٹرمپ کے ایک اور مشیر مستعفی

118

ڈاکٹر اسکاٹ اٹلس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

وائٹ ہاؤس حکام نے ڈاکٹر اسکاٹ اٹلس کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ تنازعات پر ڈاکٹر اٹلس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

ڈاکٹر اسکاٹ اٹلس کاکورونا ٹاسک فورس کے دیگر ممبران کے ساتھ تنازع رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ  ان تنازعات پر خصوصی مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں ڈاکٹر اسکاٹ اٹلس نے لکھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کے لیے اس کٹھن وقت میں خدمات  انجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک مستعفی ہونے والے مشیر ڈاکٹر اسکاٹ اٹلس اپنی ذمہ داریاں چھوڑ دیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابات میں ناکامی کا غصہ اپنی ٹیم پر نکال رہے ہیں۔ وزیر دفاع کے بعد ایک اور سیکورٹی کے اعلیٰ افسر کو چند روز قبل عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

انتخابات کو دھاندلی سے پاک قرار دینا  ٹرمپ انتظامیہ کے لیے جرم بنتا جارہا ہے۔ دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والے افسران کو صدر ٹرمپ  سوشل میڈیا پر بیان جاری کر عہدے سے ہٹانے کے احکامات سنا رہے ہیں۔

کرسٹوفر کربز کے ادارے نے امریکی انتخابات کے حوالے سے فراڈ اور ہیکنگ کے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا جس پر ٹرمپ طیش میں آگئے اور فوراً ڈائریکٹرہوم لینڈ سائبر سیکورٹی اینڈ انفراسٹرکچر کرسٹوفرکوبز کو برطرف کر دیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کورآڈینیٹنگ کونسل، سائبر سیکورٹی اور ہوم لینڈ سیکورٹی نے ایک مشترکہ بیان میں کہاہےکہ 3 نومبر کا الیکشن امریکی تاریخ کا محفوظ ترین الیکشن تھا۔