وفاقی کابینہ اجلاس، کئی ایجنڈے زیر غور

107
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ایکسپورٹرز کے وفد سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جبکہ کورونا کی  ایس او پیز کے تحت بعض وزراء ایک بار پھر ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ اجلاس میں شریک ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ وزارت صحت کورونا کے مریضوں کو لگنے والے انجیکشن کی قیمت میں کمی کی منظوری حاصل کریں گے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں آج بعض وزراء ایک بار پھر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونگے جبکہ وفاقی کابینہ ایجنڈے میں فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے متعلق پالیسی کا فیصلہ کرے گی جس کے لیے  اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کو پالیسی فیصلہ کرنے کے لیے سمری کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق آج وفاقی کابینہ کو بنڈل آئی لینڈ، راوی ریور فرنٹ منصوبے اور نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی پر بریفنگ دی جائے گی اور اس کے ساتھ نجی ایئرلائن کمپنی ایئر سیال کے لائسنس کی تجدید کی بھی منظوری کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد کے میٹروپولیٹن کلب کی عمارت نیشنل کالج آف آرٹس کے حوالے کرنے کی منظوری کرے گی۔

اجلاس میں ہوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری ،  نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے ڈیپوٹیشن میں توسیع کی منظوری ،

ادویات کی قیمتوں سے متعلق نظرثانی  و نوٹیفکیشن پر غور  کیا جائے گا جبکہ  جموں و کشمیر کی ریاستی املاک کے استعمال سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ ایجنڈے میں  فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری  اور  کابینہ کمیٹی برائے نجکاری، قانون سازی اور ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی آج کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔