‘جماعت اسلامی نے جلسے ملتوی کیے،پی ڈی ایم بھی ملتوی کرے’

171

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے موجودہ صورتحال میں اپنےجلسےملتوی کردیئے،پی ڈی ایم بھی جلسے ملتوی کرے۔

لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے اس صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی  جماعت اسلامی کی طرح جلسے ملتوی کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کا علاج بین الاقوامی معیار پر کیا تھا،نواز شریف دل کے علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے،نواز شریف کا علاج مکمل ہو چکا ہے وہ واپس آجائیں ۔

اتوار کو دیر میں جماعت اسلامی کے جلسے سے خطاب  کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تھا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے لیکن ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں اور کورونا کی صورتحال پر آئندہ 2 ہفتوں کے لئے تمام سیاسی جلسوں کو موخر کرتا ہوں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاکھوں نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والی اسمارٹ حکومت نے اسٹیل ملز کے ساڑھے 4 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کردیا اور وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانہ نہیں ہے۔