کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کاحتمی فریم ورک تیار

237

اسلام آباد: کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کاحتمی فریم ورک تیار کرلیا گیا،وفاقی حکومت نے کراچی کے بے گھر افراد کی بحالی کا ٹاسک این ڈی ایم اے کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فریم ورک میں بتایا گیا ہے کہ  کراچی کے بے گھر افراد کی بحالی اور بے گھروں کے لیے کثیر منزلہ فلیٹس کے منصوبے کیلیے فنڈز وفاقی حکومت دے گی جبکہ بے گھر افراد کی بحالی کے لیے اراضی فراہمی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہوگی۔

فریم ورک میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی کے ندی نالوں کی صفائی  اورتجاوزات کے خاتمے کی ذمہ داری سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا ہے  اور کراچی منصوبوں پر فوری ایکشن این ڈی ایم اے ،وزرات آبی وسائل سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح کراچی منصوبوں پر فوری ایکشن ایس آئی ڈی سی ایل اور ریلویز سے بھی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی سرکلر ریلوے اورگرین لائن بس منصوبے کی تکمیل کے لیے فنڈز فوری دیے جائیں گے،کے پی ٹی سے پپری تک ڈبل ریلوےلائن ٹریک کیلیے فنڈ فراہم کرنے کابھی فیصلہ کیا ہے۔

فریم ورک پر عمل درآمد کی کل ای سی سی اور پھر وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی اور گریٹر کراچی واٹر سپلائی منصوبے کیلیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی حکومت 3برس میں کراچی کے بڑے منصوبوں کے لیے 739ارب روپے دے گی، وفاقی حکومت یہ فنڈز پی ایس ڈی پی ،پبلک    پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دے گی۔

معاشی ٹیم نے منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے سفارش کی ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔