پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت بند کرنے کا اعلان

167

لاہور میں فروخت ہونے والے کھلے دودھ میں ملاوٹ کی شرح بڑھ گئی ہے جبکہ کیمیکلز، سرف اور دیگر مضر صحت اجزا کی ملاوٹ نے صحت بخش اور تازہ دودھ کی دستیابی مشکل تر بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آئندہ سال کے دوران مضر صحت اجزا کی ملاوٹ سے بھرپور کھلے دودھ کی فروخت بند کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔

ماہرین کے مطابق انسانی صحت کے لیے دودھ کی اہمیت مسلمہ ہے جس کا اندازہ اِس امر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا میں آنے والے ہر بچے کی پہلی قدرتی غذا دودھ ہی ہے جس کا استعمال سبھی کے لیے اہم قرار دیا جاتا ہے۔

بدقسمتی سے لاہور میں انسانی خوارک کا یہ اہم جزو بھی ملاوٹ سے پاک  نہیں رہا جبکہ پانی ملانے کی باتیں تو قصہ پارینہ بن چکی ہے مگر اب اِس میں سرف اور کیمیکلز ملانے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا۔

موجودہ صورت حال کے پیش نظر ماہرین کھلے دودھ کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیتے ہیں جبکہ ان حالات کے باعث پنجاب فوڈ اتھارٹی بھی آئندہ سال کے دوران کھلے دودھ کی فروخت بند کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔